شیخوپورہ +فیروز والا(آن لائن/نامہ نگار) اسلام آباد فروٹ منڈی میں دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے امرود کی پیٹیاں اسلام آباد لیجانے والی گڈز ٹرانسپورٹ کے مالک شیخ جہانگیر اور اسکے بیٹے کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ٹرک نمبر LAS-1612 پر شرقپور اور ننکانہ کے مختلف علاقوں سے امرود کی 365 پیٹیاں اسلام آباد روانہ کی گئیں۔9 باغات کے مالکان جن میں بابا علی‘ محمد حنیف‘ محمد طفیل مانگٹانوالہ‘ رنگ الٰہی‘ محمد صدیق‘ شہباز‘ ساجد‘ محمد آصف‘ وکیل احمد‘ باالترتیب کوٹ محمود‘ ساہجووال‘ فیض آباد اور نور منڈی کے رہائشی ہیں‘ کی پوری تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں کہ ان کا کسی دہشت گرد تنظیم یا دہشت گردوں سے بلواسطہ یا بلاواسطہ رابطوں کا پتہ چل سکے تاہم سپیشل برانچ اور دیگر خفیہ اداروں کے افسران نے بھی اس حوالے سے شرقپور کے مختلف علاقوں سے معلومات اکٹھی کرنا شروع کردی ہیں۔
نیویارک: آئرلینڈ کے ایک مویشی فارم پر دنبے اور بکری کے ملاپ کے نتیجے میں ایک ایسے جانور نے جنم لیا ہے جس میں بکری اور بھیڑ دونوں کی کچھ خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
اس جانور کو ’گِیپ‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ کلڈیئر کاؤنٹی میں پیڈی مرفی نامی شخص کے فارم پر دو ہفتے قبل پیدا ہوا۔پیڈی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے فارم کی ایک بکری کو پانچ ماہ قبل دنبوں سے جنسی ملاپ کرتے دیکھا تھا۔ان کے مطابق دنبے اور بکری کا جنسی ملاپ دانستہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق یہ ان کے فارم پر پیش آنے والا انوکھا اور اکلوتا واقعہ ہے۔پیڈی مرفی نے تصدیق کی کہ ’گیپ‘ بظاہر صحت مند ہے اور تیزی سے نشوونما پا رہا ہے اور اپنے ہم عمر تمام میمنوں سے زیادہ تیز رفتار ہے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ’گیپ‘ کی خصوصیات بھی دیگر میمنوں سے الگ ہیں اور اس کے سر پر دو سینگ بھی ابھرنے لگے ہیں۔السٹر فارمرز یونین کی ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی آئرلینڈ میں اس قسم کے جانور کی پیدائش کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ترجمان کے مطابق عموماً بھیڑ اور بکرے کے ملاپ کی تو خبریں سامنے آتی ہیں لیکن عموماً ان کے بچے یا تو مردہ پیدا ہوتے ہیں یا دورانِ حمل ہی مر جاتے ہیں۔پیڈی مرفی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس ’’ہائی برڈ‘‘ جانور کو ذبح ہونے کے لیے نہیں بھیجیں گے اور جب تک ممکن ہوا اسے پالیں گے۔ تاہم انھوں نے ابھی تک اپنے اس نئے پالتو جانور کا نام نہیں سوچا ہے۔